ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اترکھنڈ میں تمام جماعتوں کے چیف منسٹری امیدواروں کو شکست

اترکھنڈ میں تمام جماعتوں کے چیف منسٹری امیدواروں کو شکست

Fri, 11 Mar 2022 06:52:04    S.O. News Service

نئی دہلی،11؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) اترکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی‘ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے چیف منسٹری کے امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اترکھنڈ کے چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی کو ختیمہ حلقہ سے کانگریس امیدوار بھوون چند کاپڑی نے شکست دے دی۔ کاپڑی کو 52 فیصد (44,479) ووٹ حاصل ہوئے جبکہ دھامی کو 37,425 ووٹ ملے۔

لال کنواں حلقہ سے بی جے پی امیدوار موہن سنگھ بشٹ نے سابق چیف منسٹر اور سینئر کانگریس قائد ہریش راوت کو 14 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ بشٹ کو 53 فیصد ووٹ ملے اور ان کے قریبی حریف ہریش راوت کو 28,251 ووٹ حاصل ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے باغی امیدوار سندھیا ڈلاکوٹی‘ ہریش راوت کی شکست کی اہم وجہ ہیں۔

قبل ازیں کانگریس نے سندھیا ڈلاکوٹی کو لال کنواں حلقہ سے ٹکٹ دیا تھا لیکن بعد میں اسی نشست سے ہریش راوت کو میدان میں اتارا۔ اس تبدیلی پر ناراض سندھیا نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا۔

انہوں نے ہریش راوت کے انتخابی مواقع کو نقصان پہنچایا۔ گنگوتری حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے چیف منسٹری کے امیدوار اجئے کوٹھیال کو 5998 ووٹ حاصل ہوئے اور وہ بی جے پی کے سریش چندر چوہان کے مقابل ہارگئے جنہیں 28,667 ووٹ ملے۔


Share: